لاہور(نیوزایجنسیاں) شعیب ملک اور ثانیہ مرزا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انتہائی دلچسپ اور انوکھے انداز میں ”ننھے مہمان“ کی آمد کی خوشخبری سنائی ہے ۔ میڈیا کےمطابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور ان شوہر پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس کو دیکھتے ہی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کے ہاں ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔ثانیہ مرزا نے ٹوئٹر پر ”وارڈروب“ کی کارٹونش تصویر جاری کی جس کے تین حصے بنے ہوئے ہیں۔ ایک حصہ ثانیہ مرزا اور ایک حصہ شعیب ملک کیلئے مختص دکھایا گیا ہے جبکہ درمیان والا حصہ ”مرزا، ملک“ کیلئے دکھایا گیا اور تینوں میں موجود کپڑوں کا سائز بھی مختلف دکھایا گیا ہے۔ شعیب ملک نے یہ تصویر جاری کرتے ہوئے #BabyMirzaMalik کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔چند روز قبل بھارتی شہر گوا میں صنفی امتیاز کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بات کرتے ہوئے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی اور شوہر کی دیرینہ خواہش بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ہم چاہتے ہیں ہمارے گھر پہلی اولاد لڑکی ہو جس کا نام ہم ’مرزا ملک‘ رکھیں گے ، اور یہی اس کا خاندانی نام ہوگا یہ بات دونوں خاندان بھی طے کرچکے ہیں۔