لاہور (ویب ڈیسک)سینئر صحافی طاہر سرور میر کا کہنا ہے کہ ’میرے برادر کی دلہن ‘ فلم میں ہدایتکار یش چوپڑا نے علی ظفر کو کترینہ کیف کے ساتھ کچھ بولڈ سین کرنے کیلئے کہا تو انہوں نے ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ علی ظفر اور میشا شفیع کے جنسی ہراسگی کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے طاہر سرور میر نے کہا کہ وہ اور کامیڈین سہیل احمد (عزیزی) بھارت گئے اور یش چوپڑا سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ یش چوپڑا لاہور کے تھے اور جب بھی ہماری ان سے ملاقات ہوتی تو وہ ہمارے ساتھ پنجابی میں گفتگو کرتے تھے، جس وقت ہم ان سے ملے تو ان دنوں ’ میرے برادر کی دلہن‘ فلم کی شوٹنگ جاری تھی جس میں علی ظفر، کترینہ کیف اور عمران خان مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔طاہر سرور میر نے بتایا کہ یش چوپڑا نے ان سے شکوہ کیا کہ ’لاہور سے یہ کیسا لڑکا (علی ظفر)آپ لوگوں نے بھیجا ہے، اسے میں نے کچھ بولڈ سین کرنے کیلئے کہا تو اس نے انکار کردیا‘۔سینئر صحافی نے کہا کہ علی ظفر کا ان دنوں بالی ووڈ میں اتنا بڑا نام نہیں تھا اور وہ وہاں پر اپنا نام بنانے کی تگ ود و کر رہے تھے لیکن ایسے میں انہوں نے بولڈ سین کے خلاف سٹینڈ لیا ، یہ بات ان کے حق میں جاتی ہے۔طاہر سرور میر کا علی ظفر اور میشا شفیع کے جنسی ہراسگی کے معاملے پر کہنا تھا کہ پاکستان میں جنسی ہراسگی کے حوالے سے قوانین میں بہت سے سقم موجود ہیں، فریقین نے عدالت جانے کا اعلان تو کردیا ہے لیکن اس کو ثابت کرپانا میشا شفیع کیلئے انتہائی مشکل ہوگا ، بظاہر یہی لگ رہا ہے کہ اس کیس میں کوئی این آر او ہوجائے گا۔