ممبئی (ویب ڈیسک )ابھیشیک بچن کا کہنا ہے کہ دو سال تک فلمیں نہ ملنے کے باوجود ایشوریا ان کی ہر لمحے ہمت بڑھاتی رہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم’دھوم ‘، ’گرو‘، ’بنٹی اور ببلی‘جیسی کامیاب فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے اداکار ابھیشیک بچن گزشتہ دوسال سے اسکرین سے دور ہیں، فلموں میں کام نہ ملنے کے باعث میڈیااور شوبز حلقوں میں افواہیں گردش کررہی تھیں کہ ابھیشیک کو فلم انڈسٹری میں مزید کام ملنا بند ہوگیا ہے اور بالی ووڈ میں ان کا کیریئر ختم ہوگیا ہے تاہم دوسال تک گھر بیٹھنے کے بعد ابھیشیک اب فلم’من مرضیاں‘میں نظر آئیں گے۔ایک انٹرویو کے دوران ابھیشیک نے دوسالوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ’میں نے یہ کبھی نہیں کہا کہ میں مزید فلموں میں کام کرنا نہیں چاہتا، میں صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میں اب تبدیلی چاہتا ہوں، میں جس طرح کی فلمیں پہلے کررہاتھا اب ان سے مختلف فلمیں کرنا چاہتاہوں اور مجھے میری پسند کی فلم ملنے میں دوسال کا عرصہ لگ گیا۔2 سال تک گھر میں فارغ بیٹھنے پر ابھیشیک نے اپنے گھروالوں خصوصاً اہلیہ ایشوریا رائے کے ردعمل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے گھروالوں کوپہلے ہی بتادیا تھا کہ میں صحیح فلم کے انتظار میں ہوں، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ان دوسالوں میں میرے گھر بیٹھنے پرکوئی اعتراض نہیں کیا اور جہاں تک ایشوریا کی بات ہے وہ بہت اچھی بیوی ہیں، میرے ہر فیصلے میں میری سپورٹ کرتی ہیں۔ ایشوریقا نے میرے اس فیصلے میں بھی میرا بھرپور ساتھ دیا۔