ممبئی (ویب ڈیسک ) انڈین فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی ماضی کی خوبرو اداکارائیں اب کیسی ہیں؟ اس سلسلے میں بھارتی اخبار’مڈڈے‘ نے دلچسپ تصویری رپورٹ شائع کی ہے جس میں ماضی کی خوبصورتی کو حال کے آئینے میں دیکھا جا سکتا ہے۔
اداکارہ ممتازاورراجیش کھنہ کی جوڑی بہت مشہور ہوئی تھی۔انہوں نے آٹھ فلموں میں ایک ساتھ کام کیا اور وہ سب کی سب سپر ہٹ ثابت ہوئیں۔ راجیش کھنہ کے ساتھ ساتھ سنجیوکمار، دیوآننداور ششی کپور کے ساتھ بھی ممتاز کی فلمیں انتہائی کامیاب رہیں۔ وہ اپنے کیریئر کے عروج پر تھیں کہ 1974ء میں ایک لکھ پتی سے ان کی شادی ہوگئی جس کی وجہ سے انہوں نے اپنے فلموں کو خیرباد کہہ دیا۔بعدازاں کینسر کو شکست دینے کے بعداب وہ اپنی زندگی خاموشی سے بسر کر رہی ہیں۔
1990ء میں ’عاشقی‘ فلم سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی انواگروال کاذکر کم کم ہی سننے کو ملتا ہے۔وہ ماڈلنگ سے ایکٹنگ کی طرف آئیں تھیں۔1999ء ایک حادثے کا شکارہونے کے بعد انواگروال ایک ماہ تک کومے میں رہی تھیں۔بتایاجاتا ہے کہ ان دنوں وہ بہار میں یوگاسکھاتی ہیں اور اپنی سوانح حیات بھی قلم بند کر رہی ہیں۔
’جمعہ، چما دے دے‘ سے مشہور ہونے والی اداکارہ کمی کاٹکرکو پچھلے دنوں گوا میں ہونے والی ایک تقریب میں دیکھا گیا۔خیال یہی کیا جاتا ہے کہ وہ ان دنوں گوامنتقل ہو چکی ہیں اور زیادہ ملنے ملانے سے گریز کرتی ہیں۔
میناکشی سیشادری کا فلمی کیریئر 80کے اوائل سے شروع ہوکر90کے وسط تک پھیلا ہوا ہے ۔اس دوران انہوں نے سینمااسکرین پر راج کیا۔فلموں سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد انہوں نے بچوں اور گھرداری پر توجہ مرکوز کر دی ۔پچھلے دو عشروں سے وہ امریکا میں رہائش پذیر ہیں اور کسی تقریب میں انہیں شاذونادر ہی دیکھا گیا ہے۔
رینا رائے نے بھی اپنے فلمی کیریئر کے آغاز میں خوب دھوم مچائی تھی۔شتروگھن سنہاکے ساتھ ان کی جوڑی خاصی مشہور ہوئی۔انہوں نے پاکستانی کرکٹر محسن حسن خان سے شادی کے بعد فلموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی اور پاکستان منتقل ہو گئی تھیں۔شادی ناکام ہوئی تو رینا نے واپس فلموں میں قسمت آزمائی کی لیکن کامیاب نہیں ہوئیں۔اب وہ منظرعام سے پوری طرح غائب ہیں۔
وجنتی مالاانڈین فلموں کی پہلی سپراسٹار سمجھی جاتی ہیں۔انہوں نے اپنے زمانے کی سپرہٹ فلموں ’نیادور‘، ’سنگم‘ اور ’مادھومتی‘ میںاداکاری کے جوہر دکھائے۔وجنتی مالا نے مقبول فلم ’دیوداس‘ میں چندرمکھی کا کردار ادا کیا ۔1968ء میں انہوں نے فلمی کیریئر ترک کر کے شادی کر لی تھی اور ممبئ سے چنائے منتقل ہو گئی تھیں۔کچھ عرصہ وہ سیاست میں بھی سرگرم رہیں لیکن اس کے بعد انہیں کہیں نہیں دیکھا گیا۔
مالا سنہا بھی اپنے وقت کی انتہائی خوبصورت اداکار تھیں۔انہوں نے ’پیاسا، گمراہ، ہمالیہ کی گود میںاور آنکھیں جیسی کامیاب فلمیں دیں۔مالا سنہا نے نیپالی فلموں میں کام کرنے والے ساتھی اداکارچدمبرپرسادلوہانی سے شادی کر لی تھی۔گزشتہ دو عشروں سے انہیں کسی پبلک مقام پر نہیں دیکھا گیا۔
راکھی نے’ شرمیلی، داغ، اے پوئم آف لو، بلیک میل اور تپسیا‘ جیسی فلموں سے اپنا نام پیدا کیا۔وہ 2000ء کے اوائل تک متحرک تھیں اور فلموں میں سپورٹنگ کردار وں کے روپ میں جلوہ گر ہو رہی تھیں۔نغمہ نگار گلزار سے ان کی علیحدگی اُس وقت ہو گئی تھی جب ان کی بیٹی میگھنابمشکل ایک سال کی تھی۔ راکھی کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اب وہ ممبئی کے نواح میں اپنے فارم ہائوس میں رہتی ہیں اور کسی سے ملتی نہیں ہیں۔
جیاپرادا 70اور 80کی دہائی کی کامیاب اداکارہ تھیں۔اپنے فلمی کیریئر کے عروج پر انہوں نے عملی سیاست میں حصہ لینا شروع کر دیا تھا۔اپنی فلموں کی طرح سیاست میں بھی انہوں نے کامیابیاں حاصل کیں۔ اب اچانک انہوں نے ملنا جلنا چھوڑ دیا ہے اور کسی پارٹی یا تقریب میں دکھائی نہیں دیتیں۔
اداکارہ نمی نے سپرہٹ فلموں’برسات، دیدار، داغ اور آن، سے اپنی پہچان بنائی۔وہ اپنے وقت کی سب سے مصروف اداکارہ سمجھی جاتی تھیں۔1986ء میں فلموں سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد وہ کچھ عرصہ اپنے دوستوں کی پارٹیوں میں نظر آتی رہیں لیکن کم کم ہی دکھائی دیتی ہیںاور لوگ ماضی کی اس خوبصورت ادکارہ کو بھولتے جارہے ہیں۔