راولپنڈی (نیوز ڈیسک)پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کروانے کے حوالے سے حکومتی اشارے بھی ملنے لگے کیونکہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے تمام معاملات وزیراعظم کے علم میں ہیں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں منعقد ہونے سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازرے کھل جائیں گے ، سپورٹس فیڈریشنز کی سالانہ گرانٹس میں نہ صرف اضافہ کرنا ہو گا بلکہ کھلاڑیوں کے معاوضے کو بھی بہتر بنانا ہو گا ، سنوکر دیہات کا بھی مقبول ترین کھیل بن چکا جس کے فروغ کیلئے بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام نوجوان سنوکر پلیئرز کی تربیت کیلئے لگائے جانے والے 14روزہ تربیتی کیمپ کے افتتا ح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ کرکٹ میں تبدیلیوں کی وجہ سے ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوئی جبکہ کھیلوں کی ترقی کیلئے ہم جلد ایک کانفرنس منعقد کروائیں گے جس میں سفارشات مرتب کرکے منظوری کیلئے وزیر اعظم کو بھجوائی جائیں گی۔