پیرس (اے پی پی) نوویک جوکووچ اور اینجلیق کربر ٹینس کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں بالترتیب مردوں اور خواتین میں بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں، اینڈی مرے نے شنگھائی ماسٹرز جیت کر جوکووچ سے پوائنٹس کا فاصلہ مزید کم کر دیا اور دوسرے نمبر پر برقرار ہیں، راﺅنک دو درجے ترقی پا کر چوتھے نمبر پر آ گئے، نڈال اور فیڈرر تنزلی کے بعد چھٹے اور آٹھویں نمبر پر چلے گئے، باٹسٹا ایگٹ کی 6 درجے ترقی ہوئی ہے، ویمنز میں کیرولین وزنائیکی 5 درجے بہتری کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئیں۔ اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں سربین پلیئر نوویک جوکووچ پہلے نمبر پر موجود ہیں، مرے دوسرے، واورینکا تیسرے نمبر پر ہیں، راﺅنک دو درجے بہتری کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے، نیشکوری، نڈال اور فیڈرر ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد پانچویں، چھٹے اور آٹھوین نمبر پر چلے گئے۔، ایگٹ 6 درجے ترقی پا کر 13ویں نمبر پر پہنچ گئے، الیگزینڈر بھی ایک درجہ ترقی پا کر ٹاپ ٹونٹی میں شامل ہو گئے۔ ویمنز میں پہلی سات پوزیشنز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، سیبلکووا دو درجے ترقی پا کر آٹھویں نمبر پر آ گئیں، سوتیلانا کزنٹسوا اور جوہناکونتا ایک، ایک درجے تنزلی کے بعد نویں اور دسویں نمبر پر چلی گئیں، ڈنمارک کی کیرولین وزنائیکی 5 درجے بہتری کے بعد 17ویں نمبر پر آ گئیں۔