لندن (ویب ڈیسک )پاکستان سے لے کر امریکا تک امراض قلب اب بھی جان لیوا بیماریوں میں سرِفہرست ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق کئی غذائیں دل کو تندرست اور توانا بناکر اسے کئی امراض سے بچاسکتی ہیں۔ ان میں سے چند اہم ترین غذائیں درج ذیل ہیں۔
مارچوب
مارچوب کو انگریزی میں ایسپریگس کہتے ہیں۔ اس میں فولیٹ کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جس کا خاص کام ہوموسسٹائین نامی ایک ہارمون کو جسم میں جمع ہونے سے روکنا ہے۔ ہوموسسٹائین کی زیادتی امراضِ قلب اور فالج کی اہم ترین وجوہ میں شامل ہے۔
چنے، مٹر، پھلیاں اور دالیں
مٹر، پھلیاں، دالیں اور چنے ایل ڈی ایل کولیسٹرول کو روکتے ہیں۔ ان میں فائبر کی بھرپور مقدار ہوتی ہے جو دل کو بہتر بناتی ہے۔
بیریاں
بلیوبیری، رسبیری اور دیگر اقسام کی بیریاں پولی فینولز سے بھرپور ہوتی ہیں جو دل کے دورے کو ٹالتی ہیں۔ ان میں وٹامن سی، فولیٹ، کیلشیم، فائبر اور دیگر اہم اجزا بھی پائے جاتے ہیں۔
شاخ گوبھی
بروکولی یا شاخ گوبھی کو اب سپرفوڈ کا درجہ حاصل ہوچکا ہے۔ یہ دل کی محافظ سبزی ہے اور بلڈ پریشر کو معمول پر رکھتی ہے۔ بلڈ پریشر دل کے امراض کی بڑی وجہ ہے۔
گہری رنگت والی چاکلیٹ
ایکسپریس نے انہی صفحات پر ڈارک چاکلیٹ کے کئی فوائد پیش کیے ہیں۔ طبی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ گہری رنگت والی چاکلیٹ میں موجود کئی مرکبات ایسے ہیں جو شریانوں کی سختی اور ان کی بندش کو روکتے ہیں۔ ڈارک چاکلیٹ میں فلیوونول نامی ایک اور جادوئی مرکب بھی دل کا قلبی دوست ہے۔
کافی
حالیہ تحقیقات سے ثابت ہوا ہے کہ کافی دل کے دورے اور فالج سے بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ شرط ہے یہ ہے کہ روزانہ دو سے تین کپ کافی پی جائے۔ کافی کے فوائد عین چاکلیٹ والے ہیں یعنی یہ دل کی شریانوں کو سخت ہونے سے بچاتی ہے اور رگوں کو بند نہیں ہونے دیتی۔
مچھلیاں اور اومیگا تھری سپلیمنٹ
تیل دار مچھلیاں اومیگا تھری فیٹی ایسڈز اور پروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں۔ اسی لیے دل کے مریضوں کو اور خود اس کے ممکنہ شکار ہونے والے افراد کےلیے ضروری ہے کہ وہ مچھلیاں اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ کے سپلیمنٹ (مچھلی کے تیل سے بھری شفاف گولیاں) ضرور استعمال کریں۔
دل کے مرض سے بچنے کےلیے ہفتے میں دو مرتبہ مچھلی ضرور کھائیں کیونکہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈز دل کےلیے نہایت مفید تصور کیے جاتے ہیں۔ یہ قلبی شریانوں کو صحت مند رکھتے ہیں۔
سبز چائے
سبزچائے کے ان گنت فوائد سامنے آچکے ہیں اور یہ کولیسٹرول میں کمی میں اپنا اہم کردار ادا کرتی ہے۔ 2014 میں بلڈ پریشر کے مریضوں پر کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا تھا کہ اس کا باقاعدہ استعمال بلڈ پریشر معمول پر رکھتا ہے جو آخرکار امراضِ قلب کو دور رکھنے میں معاون ہے۔
دلیہ اور سیریل
دلیہ اور سیریلز کو روزمرہ غذا کا حصہ بنائیے کیونکہ ان کا باقاعدہ استعمال ایل ڈی ایل کولیسٹرول کم کرتا ہے اور اس سے امراضِ قلب سے بچاؤ میں مدد ملتی ہے۔
پالک اور ٹماٹر
پالک میں میگنیشیم کی غیرمعمولی مقدار دل کی دھڑکن کو منظم رکھتی ہے جبکہ ٹماٹر میں موجود فائبر، فولیٹ، وٹامن سی اور کولائن دل کو مجموعی طور پر تندرست رکھتے ہیں۔
لیکن ماہرین کا اصرار ہے کہ کوئی بھی شے ورزش سے زیادہ مؤثر نہیں اور دل سے بچاؤ کےلیے جاگنگ اور واکنگ سے بہتر کوئی ورزش نہیں۔ سگریٹ نوشی سے پرہیز، ذہنی تناؤ سے دوری اور ڈاکٹروں سے معمول کے چیک اپ سے دل کو مضبوط رکھا جاسکتا ہے۔