کراچی(ویب ڈیسک)پاکستانی اداکارہ ارمینا خان اداکاری کے علاوہ سماجی سرگرمیوں میں بھی پیش پیش رہتی ہیں اورسوشل میڈیا کے پلیٹ فارم پراپنی آواز بلند کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹتیں۔ حال ہی میں انہوں نے انسٹاگرام پر اعلان کیا ہے کہ وہ اردن میں موجود مظلوم و بے گھر شامی پناہ گزین کیلئے نہ صرف خود عطیہ جمع کریں گی بلکہ اردن جاکر یہ عطیات خود ان لوگوں کو دیں گی۔ارمینا خان نے انسٹاگرام پر ایک ننھی شامی بچی کی تصویر شیئر کی اور لکھا یہ پھول سی معصوم بچی اتنی ڈری ہوئی ہے کہ کیمرے کے سامنےہاتھ کھڑے کرکے سرنڈر کررہی ہے، بچی کے چہرے پر ڈر صاف نظر آرہا ہے، اس پھول سی معصوم بچی کودیکھ کر میرا دل ٹوٹ گیا۔ میں شام میں ہونے والے تنازعہ اور ظلم وبربریت کو کئی سالوں سے دیکھ رہی ہوں،لیکن اب وقت آگیا ہے کچھ کرنے کا لہٰذا اب میں نے ان مظلوم شامی مہاجرین کی مدد کا فیصلہ کرلیا ہے۔ میرے پیارے خواتین و حضرات اب میں خود وہاں جاو¿ں گی اور اپنے ہاتھوں سے شامی پناہ گزین بچوں کی مدد کروں گی اورانہیں عطیات و زکوٰت دوں گی۔ارمینا نے مزید لکھا یہ رمضان کا مقدس اوربابرکت مہینہ ہے لہٰذا ہمیں اس کی شروعات اچھے کام سے کرنی چاہیئے، ارمینا نے تمام لوگوں سے درخواست کرتے ہوئے کہاکہ ٓپ لوگ بھی اس کار خیر میں میری مدد کریں کیونکہ آپ کی دی ہوئی مدد میرے اور میری ٹیم کے ذریعے وہاں تک پہنچے گی۔ مجھے امید ہے آپ لوگ ان ننھے ،معصوم اور غریب بچوں کی زندگی میں کچھ اچھا کرنے کیلئے اپنی طرف سے جتنا ہوسکے کریں گے۔ مہربانی کرکے جتنا ہوسکے اس پیغام کو آگے پہنچائیں۔ شکریہ۔