بھارتی (ویب ڈیسک)ریاست اترکھنڈ میں مشتعل ہجوم سے مسلم نوجوان کو بچانے والے سکھ پولیس افسر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے شیئر کی جارہی ہے۔این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق افسر گَگن دیپ سنگھ کو ریاست کے علاقے رام نگر میں معروف مندر کے قریب حالات کشیدہ ہونے پر طلب کیا گیا، جہاں ایک گروپ مسلم نوجوان کو اس کی ہندو دوست کے ساتھ دیکھے جانے پر تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا۔رپورٹس کے مطابق ہندوتوا نظریات کے حامی کارکنان نے دونوں کو زد وکوب کرنا شروع کیا۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مسلم نوجوان کے اطراف میں مشتعل اور نعرہ لگاتا ہجوم موجود ہے اور پولیس افسر نوجوان کو ہجوم کے تشدد سے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔جب ہجوم نے نوجوان پر تشدد کی کوشش کی تو گگن دیپ سنگھ کو نوجوان کو بچانے کے لیے خود کو آگے کرتے دیکھا گیا۔
