بنکاک (ڈیلی پاکستان آن لائن) ویمنز ایشیاءکپ میں پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کی کرکٹ ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔ دوسری جانب سری لنکن ویمن ٹیم نے بنگلہ دیش کو 6 وکٹوں سے شکست دی اور بھارت نے ملائیشیا کو 142 رنز سے چت کر کے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔کنرارا اکیڈمی اوول میں کھیلے گئے میچ میں تھائی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی با?لرز نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے بلے بازوں کی ناک میں دم کئے رکھا اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر صرف 67 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔تھائی لینڈ کی جانب سے چانٹم اور تیپوچ نے سب سے زیادہ 17,17 رنز بنائے جبکہ 9 بلے باز دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہو سکے۔ پاکستان کی جانب سے ثنائ میر نے سب سے زیادہ 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیانا بیگ، نشرہ سندھو، ندا ڈار اور کائنات امتیاز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے مقررہ ہدف 14 ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے ٹورنامنٹ میں پہلی فتح اپنے نام کی۔ ناہیدہ خان نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے 41 گیندوں پر ناقابل شکست 38 رنز بنائے جبکہ جویریہ خان نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔دوسری جانب بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں فتح سری لنکا کا مقدر ٹھہری۔ بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 10 وکٹوں کے نقصان پر 63 رنز بنائے اور سری لنکا نے 14.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف عبور کر لیا۔بھارت اور ملائیشیا کے درمیان کھیلا گیا میچ یکطرفہ رہا جہاں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور ہدف کے تعاقب میں ملائیشین ٹیم 13.4 اوورز میں صرف 27 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہو گئی اور بھا رت نے یہ میچ 142 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
