لاہور(خصوصی رپورٹ) بہت سے ایسے طریقے ہیں، جن پرعمل کرکے آپ اپنے نتائج اور بہتر کارکردگی میں اضافہ کر سکتے ہیں اور اپنے کام میں پرفیکشن لاسکتے ہیں۔یہ وہ طریقے ہیں جنہیں دنیا کے کامیاب ترین لوگوں نے اپنایا اور اعلی نتائج حاصل کیے۔
اپنی صلاحیتوں پر توجہ دیجیے
صلاحیتوں پر توجہ دینے کے اصول پر عمل کیجئے۔ اس کے لیے آپ کو چاہیے کہ آپ اپنی ان شاندار قابلیتوں اور صلاحیتوں پر توجہ دیں، جو آپ کے اعلی اہداف کے حصول کا باعث بنیں۔ یہ اصول آپ کی تخلیقی صلاحیتوں کی بنیاد ہے اور ذاتی حکمت عملی کی کامیابی کے لیے انتہائی لازم و ملزوم ہے۔
اعلی نتائج پر پوری توجہ دیجئے
مصمم ارادہ کیجیے کہ آپ محض ان اہداف پر توجہ دیں گے، جن پر اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے آپ غیر معمولی کامیابی حاصل کر لیں۔ ان اہداف کو مکمل کرنے کی کوشش کریں جن پر آپ پراعتماد انداز میں کام کر سکیں۔ مسلسل اپنے آپ سے سوال کیجیے کہ وہ کیا کام ہے جسے میں اور صرف میں بہتر انداز میں کر سکتا ہوں۔ اگر میں اسے بہتر انداز سے کر لوں تو اس سے کیا میرے موجود حالات مکمل طور پر تبدیل ہو جائیں گے؟ خود کو اس اصول کا پابند کر لیجیے کہ آپ ان اہداف پر کام نہیں کریں گے، جن کو مکمل کرنے سے آپ کی ذات اور آپ کے مستقبل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ صرف ان کاموں پر توجہ مرکوز کریں گے، جس سے آپ کی ذات اور مستقبل پر انتہائی مثبت اور طاقتور اثر پڑے گا۔
ان کاموں کو کیجیے جن میں آپ بہتر ہیں
جب آپ وہ کام کرتے ہیں، جس میں آپ دوسروں کی نسبت بہتر ہیں تو آپ زیادہ نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔ جب آپ کام کو بہتر انداز میں کر رہے ہوتے ہیں تو نہ صرف آپ پہلے کی نسبت کام کئی گناہ زیادہ کرتے ہیں بلکہ اس سے لطف اندوز بھی ہوتے ہیں۔ کون سے چند کام ہیں جو آپ دوسروں کی نسبت بہتر کرتے ہیں؟ وہ کیا ہے جو آپ آسانی سے کر لیتے ہیں جبکہ وہ دوسروں کو مشکل لگتا ہے؟ اپنی ان منفرد صلاحیتوں پر فوکس کیجیے اور ان کاموں پر توجہ دیجیے، جن سے آپ اعلی نتائج حاصل کر سکتے ہیں۔
مواقعوں پر فوکس کیجیے
بڑے مواقع حاصل کرنے پر توجہ دیجیے۔ کل کے مسائل پر توجہ دینے کے برعکس آنے والے مواقعوں پر فوکس کیجیے۔ اپنی بہتر صلاحیتوں اور قوتوں اور ان دوستوں پر جن کے ذریعے اعلی کامیابی ممکن ہو سکتی ہے پر دھیان دیجیے۔ خود سے سوال کیجیے کہ کیا میرے بہتر مستقبل کے لیے بڑے مواقع ہیں؟ کہاں سے میں واقعی کامیابی حاصل کر سکتا ہوں، اگر میں توجہ دوں؟
بڑی مچھلیوں کے لیے جال بچھائیں
یاد رکھیئے! اگر آپ ایک ہزار چھوٹی مچھلیاں پکڑیں گے، تو یہ تمام قریبا بالٹی بھر ہوں گی، لیکن اگر آپ صرف ایک وہیل مچھلی پکڑیں، تو سمجھیے آپ نے تمام سفر اور محنت کا حق ادا کر دیا۔ کاروبار میں بھی آپ کو وہ منڈیاں تلاش کرنی چاہیں، جو آپ کے لیے وہیل مچھلیاں ثابت ہوں۔ پھر ان سے کام کرنے کی منصوبہ بندی کیجیے۔ اکثر بڑے گاہک یا بڑے سودے آپ کی کامیابی کے لیے کافی ہوتے ہیں۔
اعلی نتائج والے کاموں پر توجہ کیجیے
اعلی نتائج والے کاموں کی شناخت کیجیے۔ اس سوال کا جواب دینے سے آپ اس کی شناخت کر سکتے ہیں۔ خود سے پوچھیے کہ مجھے کیوں تنخواہ دی جاتی ہے؟ جب آپ اس سوال کا جواب پا لیں تو ان کاموں پر اپنی تمام تر صلاحیتیں مرکوز کر لیں، جو آپ کی ذمہ داری میں شامل ہیں یا جن کے لیے آپ کو تنخواہ دی جاتی ہے۔ ہر فرد کے پانچ سے سات اعلی نتائج دینے والے کام ہوتے ہیں، جن کے کرنے سے آپ اپنے ادارے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ یہ صرف اس وقت ممکن ہے جب آپ ان کاموں پر توجہ دیں گے اور ان کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے اور قلیل وقت میں انہیں حاصل کر لیں گے۔
ہدف کے حصول کی مدت متعین کر لیجیے
اہم مقاصد کے حصول کی مدت کا تعین کر لیجیے۔ متعین کردہ مدت آپ کو مجبور کرتی ہے کہ آپ سخت محنت اور زیادہ موثر انداز میں اپنے ہدف تک رسائی حاصل کر لیں۔ مدت کا تعین کئے بغیر آپ کے لیے اکثر محنت کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اس کے پیچھے کوئی متحرک طاقت ہوتی ہے اور نہ ہی اسے مکمل کرنے کے لیے آپ کو کوئی مجبور کرتا ہے۔ اس طرح ہدف مکمل کرنا دشوار ہو جاتا ہے۔ جو بھی کام شروع کریں، اس کے لیے ایک مدت متعین کر لیں۔ لوگوں سے عہد کیجیے کہ آپ متعین مدت میں کام مکمل کر لیں گے۔ جب آپ لوگوں سے وعدہ کرتے ہیں، تو آپ خود کو وعدہ نبھانے کی تحریک دیتے ہیں۔ جب آپ وعدے کے ذریعے اپنی عزت اور انا کو داو پر لگا دیتے ہیں، تو آپ کو اندرونی طور پر اتنی تحریک ملتی ہے کہ آپ اپنے کام کو مقررہ مدت سے پہلے انجام دے لیتے ہیں۔