برطانیہ( ویب ڈیسک ) جدید سائنسی دور میں روبوٹس سے اب ہر قسم کا کام لیا جا رہا ہے، اس سے قبل روبوٹ صرف گھر کے کام کاج میں مددگار ثابت تھے لیکن اب برطانیہ میں پہلی مرتبہ روبوٹ نے انسانی آنکھ کی کامیاب سرجری بھی کر دکھائی ہے۔روبوٹ سے آنکھ کی سرجری کرنے کی آزمائش آکسفورڈ کے جون ریڈکلف اسپتال میں کی گئی جہاں 12 مریض موجود تھے جن میں سے 6 مریضوں نے ہمت دکھاتے ہوئے روبوٹ سے اپنی آنکھ کا آپریشن کروانے کا فیصلہ کیا۔اس سرجری میں استعمال کیے گئے آلات پریسیز کمپنی کے ڈیزائن کردہ تھے جو ایک روبوٹک فرم ہے۔روبوٹ نے آنکھ کے قرنیے سے باقاعدہ جھلی ہٹا کر سرجری کی، جو کامیاب رہی ۔ عام طور پر یہ سرجری 1 منٹ 20 سیکنڈ کے دورانیے میں کی جاتی ہے لیکن روبوٹ نے اسے پہلی مرتبہ احتیاط سے 4 منٹ 55 سیکنڈز میں مکمل کیا۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ دی نیکسٹ ویب کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی کے آپتھامولوجی پروفیسر رابرٹ میکلیرن کا کہنا ہے کہ روبوٹ نے کامیاب سرجری کر کے یہ ثابت کردیا ہے کہ اس سے دیگر شعبوں میں بھی مدد لی جاسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد مستقبل میں کوشش کی جائے گی کہ روبوٹ سے آنکھ کے پردے کا بھی آپریشن کرایا جائے جو کہ ممکنہ طور پر آئندہ برس ہوگا۔