کراچی (نما ئندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ ہم سب مل کر پاکستان کو پرامن اور خوشحال ملک بنائیں گے، پاکستان کے عوام وسعت قلب رکھتے ہیں اور فلاحی اداروں کو دل کھول کر عطیات دیتے ہیں، عطیات دینے کے معاملے میں احتیاط سے کام لینا چاہئے اور ان اداروں کو عطیات دینے چاہئیں جو روشنی اور محبت پھیلاتے ہیں، ایسے اداروں کو عطیات دینے سے گریز ضروری ہے جو اندھیرے اور نفرت پھیلا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ”پولیو کے عالمی دن“ کے موقع پر پاکستان ڈس ایبل فاﺅنڈیشن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نادر شاہی سیاست کرتے ہیں، سڑکوں پر انتشار، فتنہ اور فساد کی سیاست کا تمام جمہوری قوتیں مقابلہ کریں گی، دھرنے کی سیاست کرنے والے پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھنا چاہتے، عدالتی نوٹس کے بعد دھرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، اگر عمران خان کو سپریم کورٹ پر اعتماد ہے تو وہ عدالت کے فیصلہ کا انتظار کریں،کار سرکار میں مداخلت ہوئی تو دستیاب قانون حرکت میں آئے گا۔ یہ بات انہوں نے پیر کومعروف قوال امجد صابری مرحوم کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان سمیت تمام فریقوں کو نوٹس جاری کردیئے ہیں، وزیراعظم نے عدالتی نوٹس کا خیر مقدم کیا ہے، ہم عدالت جائیں گے تاکہ عمران خان کا جھوٹ بے نقاب ہوسکے۔ سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ ماضی میں سڑکوں پر ہونے والے فیصلے ملک کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ متنازعہ خبر کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں،جب تحقیقات مکمل ہوگی تو رپورٹ میڈیا کے سامنے لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پر انگلیاں اٹھانے والوں میں عمران خان اور اعتزاز احسن شامل ہیں اور دونوں جس اجلاس کی بات کررہے ہیں اس میں ان کی جماعتوں کے وزراءاعلیٰ بھی موجود تھے، انگلیاں صرف ہماری طرف کیوں اٹھتی ہےں؟ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اکتوبر کا مہینہ محلاتی سازشوں کا رہاہے، اس سازش کا شکار سب سے پہلے لیاقت علی خان بنے اور انہیں شہید کیا گیا۔ اکتوبر 1999ءمیں وزیراعظم محمد نواز شریف کے خلاف سازش کی گئی، سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قافلے پر بھی اکتوبر 2007ءمیں قاتلانہ حملہ ہوا۔ امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے متعلق سندھ حکومت بہتر جواب دے سکتی ہے، ماضی میں بھی کراچی میں ہونے والے بڑے جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امجد صابری مرحوم نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے، امجد صابری کے بچوں کی کفالت حکومت آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے معروف قوال امجد صابری کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے اعلان کردہ ایک کروڑ روپے کا امدادی چیک اہل خانہ کو پیش کیا۔