لاہور (این این آئی) عام انتخابات کے نتائج کے بعد سیاسی جماعتوں کو حاصل ہونے والی پوزیشن کے بعد وفاق اور پنجاب میں آزاد امیدوار اہمیت اختیار کر گئے ، سیاسی جماعتوں کی جانب سے رابطوں کا آغاز ہونے پر آزاد امیدواروں نے بھی اپنے قریبی رفقاءسے مشاورت شروع کر دی ۔تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کو واضح اکثریت حاصل نہ ہونے کی وجہ سے حکومتیں بنانے کےلئے آزاد امیدوار اہمیت اختیار کر گئے ہیں ۔وفاق میں عددی برتری کی وجہ سے تحریک انصاف حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے اس لئے ممکنہ طو رپر آزا د امیدوار بھی اپنا وزن اس کے پلڑے میں ڈال سکتے ہیں۔ وفاق میں پی ٹی آئی کی حکومت بننے کی صورت میں پنجاب کے آزاد امیدواروں کی ترجیح بھی پی ٹی آئی ہی ہوگی۔ دوسری جانب سیاسی جماعتوں کی جانب سے رابطوں کا آغاز ہونے کے بعد آزاد امیدوار وں نے مستقبل کے فیصلے کےلئے قریبی رفقاءسے مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور آئندہ ایک یا دو روز میں حتمی فیصلہ کرلیا جائے گا۔
