تازہ تر ین

پی آئی اے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لائے گی، ذرائع

لاہور(ویب ڈیسک)شاہین ایئر لائن اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کے تنازع کے باعث چین میں پھنسے سینکڑوں پاکستانی تاحال وطن واپسی کے منتظر ہیں۔شاہین ایئر لائن کی پرواز کی منسوخی کے باعث چین کے شہر گوانزو میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے شاہین ایئر کا طیارہ تاحال روانہ نہیں ہو سکا۔ترجمان شاہین ایئر کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیارہ بھجوانے کے احکامات نہیں کیے جس کے باعث طیارہ چین کے لیے روانہ نہیں کیا جا سکا۔دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ شاہین ایئر لائن فنی خرابی کے باعث ایک ہفتے سے لاہور ایئر پورٹ پر کھڑے ان فٹ طیارے کو چین بھجوانا چاہ رہی ہے لیکن ایئر مینٹینس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔سول ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ شاہین ایئرلائن سے مسافروں سے رقم وصول کی ہے اور شاہین ایئر سدرن چائنا ایئر کے ذریعے مسافروں کو وطن واپس لانے کے انتظامات کر سکتی ہے۔ڈائریکٹر جنرل سی اے اے حسن بیگ کا کہنا ہے کہ چین سے پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے ہر ممکن اقدام کے لیے تیار ہیں لیکن شاہین ایئر لائن کی انتظامیہ نے چارٹر طیارے کے لیے ابھی تک کوئی درخواست نہیں دی۔انہوں نے چین میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی میں تاخیر کی ذمہ دار شاہین ایئر کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ اطلاع ہے چین میں پاکستانی سفارت خانے نے چارٹر طیارے کا بندوبست کیا لیکن شاہین ایئر نے پیسے ٹرانسفر نہیں کیے۔حسن بیگ نے کہا کہ شاہین ایئر کے طیارے کا ہوس پائیپ تبدیل ہونا ہے، ہوس پائپ کی تبدیلی کے بغیر طیارے کی پرواز کا خطرہ مول نہیں لے سکتے۔حسن بیگ نے کہا کہ شاہین ایئر کے چیئرمین سے مسلسل رابطے میں ہوں اور مسئلے کا حل چاہتے ہیں۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اس وقت شاہین ایئر لائن کے دو طیارے آپریشنل ہیں اور مالی بحران کے باعث ایئرلائن کے لیے مسافروں کو واپس لانے کے لیے نجی کمپنی کا چارٹرڈ طیارہ کرائے پر لینا بھی ممکن نہیں ہے۔ذرائع سول ایوی ایشن کا کہنا ہے اگر حکومت پاکستان اس معاملے میں مداخلت کرے تو پی آئی اے کے طیارے کے ذریعے چین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جا سکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ای او پی آئی اے مشرف رسول نے چین کے شہر گوانزو میں پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی پرواز کے ذریعے واپس لانے کی ہدایت کی ہے۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain