کراچی ( نیو ز ا یجنسیا ں ) شاہد آفریدی انجری کے سبب کریبیئن پریمیئر لیگ سے دستبردار ہو گئے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسٹار آل رانڈر شاہد آفریدی نے کہا کہ ان کا گھٹنے کی انجری سے نجات کیلیے بحالی پروگرام چل رہا ہے، اس لئے افسوس سے کہنا پڑ رہا ہے کہ میں اس مرتبہ سی پی ایل میں جمیکا تلاواز کی نمائندگی نہیں کر سکوں گا۔بوم بوم آفریدی کا کہنا تھا کہ گھر بیٹھ کر ٹیم کو بھرپور سپورٹ کروں گا، مجھے یقین ہے کہ عماد وسیم میرا خلا پر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔واضح رہے کہ کریبیئن پریمیئر لیگ میں شاہد آفریدی کو رواں سال جمیکا تلاواز کی جانب سے منتخب کیا گیا تھا۔ 16ستمبر تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں 6 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس میں پاکستانی کرکٹرز شرکت کریں گے۔ سی پی ایل کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سنٹرل کنٹریکٹ کے حامل پاکستانی کرکٹرز کو لیگ میں شرکت کی اجازت دیتے ہوئے این او سی جاری کردیا تھا ۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس وہ واحد ٹیم ہے جس میں کوئی پاکستانی کھلاڑی شامل نہیں ۔پاکستان کے 3 بہترین فاسٹ بولرز جنید خان ، وہاب ریاض اور محمد عرفان باربڈوس ٹرائیڈنٹس کی نمائندگی کریں گے جبکہ شعیب ملک اور سہیل تنویر گیانا امیزون واریئرز کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔ عماد وسیم جمائیکا تلاواز کیلئے صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ شاداب خان ٹرنباگو نائٹ رائیڈرز کیلئے کھیلیں گے۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کیلئے کھیلنے والے رومن رئیس، حسین طلعت اور محمد سمیع کی خدمات سینٹ لوسیا اسٹارز نے حاصل کی ہیں ۔
