جوہربارو(نیوزایجنسیاں) چھٹے سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی کپ میں پاکستان نے میزبان ملائیشیا کو4-1سے ہراکردوسری کامیابی اپنے نام کرلی۔جاپان نے دفاعی چیمپئن برطانیہ کو2-1سے اپ سیٹ شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی، آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 9-1 گولز سے ہرا کر ٹائٹل دوڑ سے باہر کر دیا۔ ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے میچ میںپاکستان نے ملائیشیا کیخلاف عمدہ کھیل کامظاہرہ کیا اورمیزبان سائیڈکو سنبھلنے کاموقع نہیں دیا۔اورابتداءمیں 2گول کرکے 2-0کی برتری حاصل کی۔وقفے پرپاکستان کو3-1کی سبقت حاصل تھی۔ جاپان کی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے دفاعی چیمپئن برطانیہ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 گولز سے ہرا کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی۔ دوسرے میچ میں آسٹریلوی ٹیم نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9-1 گولز سے ہرا کر دوسری کامیابی سمیٹی، نیوزی لینڈ کی ٹیم متواتر تین شکستوں کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کو اس سے قبل پاکستان اور جاپان کے ہاتھوں شکستوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔