راولپنڈی (ویب ڈیسک) یوم دفاع وشہدائ 2018 پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدائ پاکستان اور لواحقین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر یومِ دفاع و شہدائ کے حوالے سے آخری پرومو جاری کردیا۔جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا شہید کی جوموت ہے وہ قوم کی حیات ہے، شہدا پاکستان اور لواحقین کو سلام ، گذشتہ روز پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا کہ شہدائ کی قربانیوں خدمات کا اعتراف کیاجائے، فیلڈ فارمیشنز شہدائ کے خاندانوں سے مل کر ان کی عظیم قربانیوں کا احترام اور اعتراف کریں۔خیال رہے یوم دفاع وشہدا کل جوش و خروش سے منایا جائے گا، اس حوالے سے مرکزی تقریب پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر جی ایچ کیو میں منعقد کی جائے گی۔
