لاہور (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ اور ہال روڈ قائم تمام غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے اور قرار دیا کہ کسی کو ریاست کی اراضی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے مال روڈ پر غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز کے قیام کیخلاف درخواست پر سماعت کی ہال روڈ کے صدر شبیر لبھا پیش ہوئے اور واضح کیا کہ ہال روڈ پر ایسوسی ایشن نے کوئی پارکنگ اسٹینڈز نہیں بنایا۔ جسٹس علی اکبر قریشی نے باور کرایا کہ کسی کو ریاست کی اراضی پر قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ پارکنگ کمپنی فوری طور پر جگہ ایکوائر کرکے موٹر سائیکل پارکنگ کا انتظام کرے اور مال روڈ کے فٹ پاتھ پر موٹر سائیکلیں پارک کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔
