لاہور(ویب ڈیسک)مقبول ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے نئے آئی فون ماڈل ایکس سی کی تصاویر متعارف ہونے سے قبل ہی لیک ہوگئیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بین گیسکن نامی ایک صارف نے آئی فون ایکس سی کی کچھ ڈمی تصاویر شیئر کیں، جن میں بتایا گیا کہ آئی فون ایکس سی، 6.1 انچ ایل سی ڈی پر مشتمل ہوگا۔ یوں تو آئی فون ایکس سی ممکنہ طور پر 12 ستمبر کو منعقدہ ایک ایونٹ میں متعارف کروایا جائے گا، لیکن ان کی لیک ہونے والی تصاویر سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ گلاس بیک اور سنگل ریئر کیمرے کے ساتھ ہوگا۔یہ فون صارفین کے لیے مختلف رنگوں میں دستیاب ہوگا، جس میں سفید، اسپیس گرے، روز گولڈ اور سرخ رنگ شامل ہے۔ممکن ہے کہ اسے ڈوئل سم کارڈ کے ساتھ پیش کیا جائے جیسا کہ اس سے قبل ایپل کمپنی کی جانب سے ڈوئل سم ڈیوائس متعارف کروانے کا عندیہ دیا گیا تھا۔فی الوقت آئی فون ایکس سی کی قیمت کے حوالے سے تفصیلات منظرعام پر نہیں آئیں۔واضح رہے کہ آئی فون ایکس سی کے ساتھ ایپل کے 3 نئے آئی فونز بھی متعارف کروائے جائیں گے۔