لاہور (نیااخبار رپورٹ) پنجاب حکومت نے واسا کو شہر میں 100فیصد واٹر میٹر لگانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ شہر کے 6لاکھ 80ہزار صارفین کے واٹر میٹر لگانے کیلئے جامع پلاننگ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ شہر میں اس وقت صرف 50ہزار کنکشنز پر واٹر میٹر موجود ہیں۔ واسا کے 6لاکھ 30ہزار سے زائد صارفین سے فکس بل وصول کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمودالرشید نے ایم ڈی واسا کو ٹاسک سونپا ہے۔ واسا کو جائیکا کی جانب سے بارہا واٹر میٹر کی تجویز دی گئی۔ واسا نے تین مرتبہ ٹینڈر کیا لیکن سنگل بڈ کی بنیاد پر کینسل ہو گیا۔ واسا کے تخمینہ کے مطابق ایک میٹر کی لاگت 7ہزار روپے ہے۔ واٹر میٹرنگ کیلئے فنڈز پنجاب حکومت فراہم کرے گی۔ شہر میں واٹر میٹر نہ ہونے سے قیمتی پانی کا ضیاع ہو رہا ہے۔ ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز نے کہا ہے واسا شہر میں واٹر میٹرنگ کے حوالے سے ٹھوس منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
