کراچی (خصوصی رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے ساتھ 12 مئی سے متعلق اپنا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سانحہ 12 مئی کی ویڈیوز اور تصاویری شواہد کے باوجود قاتلوں کو نہیں پکڑا گیا۔ حکم نامہ کے مطابق 12 مئی 2007ءکراچی کی تاریخ کا سیاہ ترین دین ہے جب شہریوں کو بنیادی حقوق سے محروم کر دیا گیا، قتل عام کے بعد بڑی مچھلیوں پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا، پولیس اور رینجرز کہاں تھی جب شہر شر پسندوں کے ہاتھوں یرغمال بن گیا تھا، یہ جاننا ضروری ہے کہ 12 مئی اور اس سے قبل کمانڈ اینڈ کنٹرول کس کے پاس تھا، یہ جاننا عوام کا حق ہے کہ کس نے شہر کو یرغمال بنایا اور قتل عام کیا، گیارہ برس ہو گئے مگر مقدمات کو قانون کے مطابق نہیں نمٹایا گیا۔ عدالت کے مطابق برسوں پرانے مقدمات میں بھی سزائیں سنانے کی مثالیں موجود ہیں، نوازشریف کو بھی بیس سال پرانے مقدمہ میں سزا سنائی گئی۔
