خانیوال (خصوصی رپورٹ) تھانہ صدر پولیس خانیوال کے وحشیانہ مظالم کی ایک اور المناک داستان سامنے آ گئی۔ اقدام قتل کے الزام میں گرفتار ملزم عرقان کو مردانہ صفات سے محروم کردیا۔ ملزم کو بھوکا پیاسا رکھا گیا اور الٹا لٹکا کر تشدد کانشانہ بنایا گیاجبکہ مبینہ طور پر بجلی کے جھٹکے بھی دیئے گئے۔ مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے کے بعد غصے سے بپھرے پولیس اہلکاروں نے ملزم کانازک عضو کاٹنے کی سنگدلانہ حرکت کرڈالی جس سے اس کی حالت غیر ہوگئی۔ معاملہ کو خودکشی کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ اور ایک نجی کوارٹر میں سرکاری ڈاکٹر اس کا علاج کر رہے ہیں۔ بہت زیادہ خون بہہ جانے کے باعث ملزم کو خون کی تین بوتلیں لگا دی گئی ہیں جبکہ مزید تین بوتلوں کی ضرورت ہے۔ ملزم کی حالت خطرے میں بتائی جا رہی ہے جبکہ معاملہ ڈی پی او خانیوال سے پوشیدہ رکھنے کیلئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ چک R-10/64 کے رہائشی زمیندار مہر محبوب حسین خاور کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا گیا تھا جس کا مقدمہ نمبر 270/18 تھانہ صدر میں درج تھا۔ اس مقدمہ میں ملزم عرفان کو گزشتہ دنوں تھانہ صدر پولیس نے فیصل آباد ضلع سے گرفتار کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے حوالات میں بلیڈ کا استعمال کرکے خودکشی کی کوشش کی جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ضلعی ہسپتال داخل کرادیا گیا ہے۔
