لاہور(ویب ڈیسک)پاکستان ہاکی فیدریشن نے 26 ستمبر سے شیڈول انٹرنیشنل ہاکی اوپن سیریز ملتوی کرتے ہوئے انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے نومبر میں اس ایونٹ کی دوبارہ میزبانی کی درخواست کردی ہے۔ ایشین ہاکی فیڈریشن کی کوششوں سے چودہ سال بعد انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے پاکستان کو 6 ملکی جونیئر ہاکی اوپن سیریز کی میزبانی سونپی تھی، جس کے لیے 22 ستمبر سے ایونٹ شروع کرنے کا اعلان کیاگیا۔ جونیئر سطح کے اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا، بنگلا دیش، قازقستان،عمان ، افغانستان اور قطر نے پاکستان آکر میچز کھیلنا تھے۔پی ایچ ایف کی درخواست پر پہلے راولپنڈی سے مقام تبدیل کرکے لاہور کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں 3 غیر ملکی ٹیموں نے آنے سے معذرت کی، جس پر ایف آئی ایچ نے تین ٹیموں کے درمیان مقابلے کروانے کا فیصلہ کرتے ہوئے ایونٹ کے لیے 26 ستمبر کی نئی تاریخ مقرر کردی۔ بعدازاں ستمبر کے پہلے ہفتے میں دوسری تین ٹیموں نے بھی فنڈز کی کمی اورمصروفیات کو جواز بناکر ایونٹ میں شرکت سے انکار کردیا۔ ٹیموں کی معذرت کے ساتھ ہاکی اوپن سیریز نہ ہوسکنے میں پی ایچ ایف حکام کی اپنی کوتاہی کا بھی اہم کردار ہے۔ ہاکی فیڈریشن کی جانب سے اس انٹرنیشنل ایونٹ کے لیے 10 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی تھی، جس میں زیادہ تر ایسے لوگ شامل کیے گئے تھے، جو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کوبروقت اور مطلوبہ معلومات فراہم کرنے میں تسساہل سے کام لیتے رہے۔ جس پر ہاکی کی عالمی باڈی نے اپنی ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے پی ایچ ایف کو معاملات بہتر بنانے پر زور دیاتھا۔ اب پی ایچ ایف نے ایف آئی ایچ سے اپیل کی ہے کہ پاکستان نومبر میں اس ایونٹ کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔