تازہ تر ین

تبدیلی کے انتظار میں لنگڑاتا پاکستان،ہڈیوں کی کمزوری کے منتظر عوام

لاہور (ٹرینڈی ایڈیٹر رپورٹ) امجد حسین کو کمرے سے صحن تک بھی جانا ہو تو بیساکھیوں کا سہارا لینا پڑتا ہے، چھ سال قبل وہ سائیکل چلایا کرتاتھا۔ محنت مزدوری بھی مل جاتی تھی یاپھیری کا کام بھی کرلیتاتھا۔تاہم اب ایسا کچھ نہیں ہے،کئی ماہ سے اس کا خاندان،متمول خاندان کی مدد سے گزر بسر کر رہا ہے۔امجد حسین کے چار بچے ہیں۔ ایک بیٹی جوان ہے، باقی تین بچے سکول جاتے ہیں۔ ان حالات میں کب سکول چھوٹ جائے، امجد کو نہیں معلوم۔وہ چاہتے ہوئے بھی کچھ نہیں کر سکتا،اس کی دونوں ٹانگوں کی ہڈیاں کمزور ہونے کے باعث ٹیڑھی ہو چکی ہیں اوراس کے کندھوں کے پٹھے بتدریج اس قدر کمزور ہو رہے ہیں کہ اسے گردن سیدھی رکھنے میں بھی دقت ہوتی ہے۔لاہور کے مضافاتی گاوں کوٹ اسد اللہ کارہائشی امجد ہمیشہ سے ایسے نہیں تھا،ہڈیوں میں کمزوری کی شکایت اسے پہلی مرتبہ 20 برس قبل ہوئی تھی۔میں چلتے چلتے گر پڑتا تھا،مسئلہ آہستہ آہستہ بڑھتا گیا،چھ سال پہلے حالات اتنے بگڑ گئے کہ میں سائیکل چلاتے ہوئے بری طرح گرا اور تب سے چارپائی پر ہوں،اب چلنا بھی محال ہے۔امجد لاہور بھر کے ہسپتالوں کے چکر کاٹ چکا،ڈاکٹر کہتے ہیں میرے جسم میں فلورائیڈ اور آرسینک (سنکھیا) کی زیادتی ہے،جس سے ہڈیاں کمزور ہوئی ہیں، ٹانگوں کی ہڈیاں اب سیدھی نہیں ہو سکتیں۔امجد اس بیماری کا شکار ہونے والے اکیلافرد نہیں۔20 برس قبل کوٹ اسد اللہ اور ضلع قصور میں واقع اس کے جڑواں گاوں کلالاں والا کے سینکڑوں رہائشی ہڈیوں کی کمزوری سے متاثر ہوئے۔ ان میں بڑی تعداد بچوں کی تھی، وہ بچے بڑے ہو چکے اور کسی نہ کسی معذوری کا شکار ہیں۔30 سالہ نوید احمد بھی اس گاوں کی اس نسل کا حصہ ہے جو بچپن میں یہ پانی پینے کے باعث معذوری کا شکار ہوئی۔اس نے بتایایہ پانی اس قدر زہریلا تھا کہ نلکے کی ٹونٹیاں تک گل سڑ جاتیں تھیں۔ رات کو برتن بھر کر رکھو تو صبح ایسا محسوس ہوتا تھا پانی نہیں تیزاب ہے۔اسکی ایک ٹانگ 20 سال قبل حکومتی خرچ پرآپریشن کے ذریعے سیدھی ہو گئی مگر دوسری نہ ہو پائی جوآپریشن کے ذریعے ہو سکتی ہے مگر وہ کہتے ہیں ہمارے اتنے وسائل نہیں،درد ختم کرنے والی دوائیاں بمشکل لے پاتا ہوں۔نوید لنگڑا کر چلتاہے اور وزن نہیں اٹھا پاتا،مقامی کارخانے میں چھوٹاموٹا کام کرتاہے،جس سے گھر چلتا ہے۔نویدکی پانچ سالہ بیٹی ہے، وہ تندرست ہے مگر پڑوسی مسیحی محلے میں رہائش پذیر 28 سالہ اشفاق سولخن کی ڈھائی سالہ بیٹی شزا کی دونوں ٹانگیں ٹیڑھی ہیں۔اشفاق خود بھی ہڈیوں کی بیماری کا شکارہے،اس کی کمر کی ہڈی ٹیڑھی ہے اور ٹانگوں کی ہڈیوں میں بل ہیں،محلے میں دیگر کئی چھوٹے بچوں میں ٹانگوں کی ہڈیوں کے بل نمایاں نظر آتے ہیں۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain