لاہور(جنرل رپورٹر)چیف جسٹس کے نجی ہسپتالوں میں دورے کے اثرات سامنے آگئے ،اب غریب بھی مہنگے ہسپتالوں میں علاج کروا سکیں گے۔چیف جسٹس نے پنجاب کے 6 بڑے نجی ہسپتالوںمیں غریبوں کو علاج تک رسائی دے دی۔عدالتی حکم پر 6ہسپتالوں کے سی ای اوز نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار کے نجی ہسپتالوں کے دوروں کے اثرات سامنے آنے لگے۔شہر کے تمام نجی ہسپتالوں میں ایمرجنسی وارڈ سمیت تمام آپریشن کے ریٹس کم کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔عدالت کی جانب سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق نجی ہسپتالوں میں موجود بیڈز کے 20 فیصد بیڈز عوام کے لئے مختص جبکہ مریضوں سے ایک دن کے وارڈ چارجز 5 ہزار سے کم کر کے 1500 روپے مقررکیے گئے ہیں اور معائنے کی فیس بھی 2 ہزار سے کم کر کے 500 روپے کر دی گئی۔نوٹیفیکشن کے مطابق غریب مریضوں کو تمام آپریشن، ڈائیلسیز اور اینڈوسکوپی پر 50 فیصد رعایت بھی دے دی گئی ہے جو کہ پہلے غریب عوام کی پہنچ سے دور تھی ۔سی ای اوز نے اس بات پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے کہ تمام کیٹیگری کے روم رینٹ، آئی سی یو اور سی سی یو میں بھی 10 فیصد کمی کی جائے گی اور نجی ہسپتالوں میں ادویات ،سرجیکل ، آپریشن کا سامان سمیت کینٹین کی اشیاءبھی مارکیٹ نرخ پر مہیا کی جائے گی۔ اس کے علاوہ لیبارٹری اور ریڈیالوجی ٹیسٹ پر بھی 10 فیصد رعایت ملے گی۔معاہدے کے مطابق زیرعلاج وفات پاجانے والے غریب مریضوں کے اہل خانہ کو ہسپتال کی اخلاقی اور شکایاتی کمیٹی کی جانب سے آدھی فیس واپس دی جائے گی۔معاہد ے میں شامل ہسپتالوں میں فاروق ہسپتال، ڈاکٹر ہسپتال، حمید لطیف ہسپتال، نیشنل ہسپتال، سرجیمیڈ اور مڈ سٹی ہسپتال شامل ہیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے نجی ہسپتالوں سے متعلق ازخود نوٹس لے رکھا ہے اور از خود نوٹس میں مہنگی ادویات ، علاج معالج ، ہسپتالوں کی غیرقانونی بلڈنگ ، داخلے فیس سمیت دیگر مسائل زیر تفتیش ہیں اوربعض مسائل پر عدالت نے حکم صادر کررکھا ہے۔