لاہور (سپورٹس ڈیسک ) پاکستانی آل راﺅنڈر سہیل تنویر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کیلئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ بن گئے ہیں۔سہیل تنویر نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کی تھی۔
لیکن 29 ستمبر سے شروع ہونے والی ’ٹریڈنگ اور ریٹنشن کے تحت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے انہیں اپنی ٹیم میں شامل کر لیا ہے۔
پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن کیلئے ڈرافٹنگ کا عمل 20 نومبر کو اسلام آباد میں ہو گا جس دوران تمام ٹیمیں برقرار رکھے گئے کھلاڑیوں کے علاوہ دیگر کھلاڑیوں کا انتخاب کریں گی۔سہیل تنویر 57 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کر رکھی ہے جبکہ پی ایس ایل تھری میں انہوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے کھیلتے ہوئے 10 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 75 رنز بھی بنائے تھے۔ سہیل تنویر پہلے ایڈیشن میں کراچی کنگز اور دوسرے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔