لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے معیشت کی بہتری کی اپنی تجویز پر تنقید کے جواب میں مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دیسی لوگ مرغی کے ذریعے غربت کے خاتمے کی بات کریں تو غلامانہ ذہنیت والے مذاق اڑاتے ہیں لیکن جب ولایتی یہی بات کریں تو وہ شاندار کہلاتا ہے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم نے کنونشن سینٹر اسلام آباد میں حکومت کی 100 روزہ کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ دیہاتی خواتین مرغیوں اور انڈوں کے ذریعے غربت کا خاتمہ کرسکتی ہیں۔ انہوں نے تجویز پیش کی تھی کہ حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیاں اور انڈے فراہم کرے گی۔ جس سے وہ اپنا پولٹری کا کاروبار کرسکیں گی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس منصوبے کی آزمائش ہوچکی ہے حکومت دیہاتی خواتین کو مرغیوں کے لئے غذائی انجکشنز بھی فراہم کرےگی تاکہ مرغیاں جلد صحت مند ہوسکیں۔
