کوپن ہیگن(ویب ڈیسک) ڈنمارک میں ملکی شہریت حاصل کرنے والے شخص کے لیے حلف برداری کے بعد ہاتھ ملانے کو قانونی طور پر لازمی قرار دے دیا گیا۔مسلمانوں کی جانب سے صنفِ مخالف سے ہاتھ ملانے کے اعتراضات کو ختم کرکے ڈینش شہریت کے حصول کے لیے ہاتھ ملانے کا قانون منظور کرلیا گیا، ڈنمارک کی پارلیمان نے 23 کے مقابلے میں 55 ووٹوں سے ہاتھ ملانے کو قانونی شکل دے دی۔قانون میں اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ ڈنمارک کی شہریت کا خواہشمند حلف برداری کے بعد مذہبی عقائد سے بالاتر ہوکر حکام سے ہاتھ ملائے گا اور یہ قانون یکساں طور پر تمام مذاہب سے تعلق رکھنے پر لاگو ہوگا۔واضح رہے کہ مسلمانوں اور بعض یہودی گروہوں کی جانب سے مذہبی عقائد کی وجہ سے مخالف صنف سے ہاتھ ملانے کو ممنوع قرار دیا گیا ہے اور یہی وجہ ہے ماضی میں ہاتھ نہ ملانے والی ایک مسلمان خاتون کو ڈنمارک کی شہریت سے ہاتھ دھونا پڑگیا تھا۔
