لاہور(ویب ڈیسک)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عالمی سطح پر تنہائی کے خاتمہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کردار اہم ہے اور ان کے دوروں اور ملاقاتوں سے باہمی اعتماد کی فضا پیدا ہوچکی ہے۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے آرمی چیف کے دوروں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے جب کہ کرتارپور افتتاح سے پہلی مرتبہ بھارتی قیادت سفارتی محاذ پر بیک فٹ پر نظر آ رہی ہے۔اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ خطے کے ممالک سے بہتر تعلقات میں آرمی چیف کی خاموش ڈپلومیسی کا عمل دخل ہے، قومی سلامتی اور یکجہتی کے لیے جنرل باجوہ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
