اسلام آباد (ویب ڈیسک ) سابق وزیراعظم نواز شریف کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا جارہا قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے لے کر لاہور کے لیے روانہ ہوگئی اور سابق وزیراعظم کو سخت سیکورٹی حصار میں منتقل کیا جارہا ہے۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنان کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل کے باہر موجود رہی، کارکنان نے جیل کے باہر نواز شریف کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔دوسری جانب سیکرٹری داخلہ پنجاب کا کہنا ہے سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں نواز شریف کے لیے بی کلاس کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں ایک ہی کمپاﺅنڈ میں نواز شریف اور شہباز شریف الگ الگ کمروں میں ہوں گے۔سیکرٹری داخلہ پنجاب کے مطابق نواز شریف کے کمرے میں ٹیلی ویڑن، بستر، کمبل، ہیٹر، کرسی اور میز رکھوا دی گئی ہے اور انہیں ایک مشقتی اور گھر سے کھانا منگوانے کی سہولت میسر ہوگی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نیب ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جب کہ عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کو بری کیا۔سابق وزیراعظم نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں اڈیالہ جیل کے بجائے کوٹ لکھپت بھیجنے کے احکامات جاری کیے جائیں جس پر جج ارشد ملک نے ان کی درخواست منظور کرلی تھی۔
