قاہرہ(ویب ڈیسک) مصر میں قطبی آرتھوڈوکس چرچ میں نصب بم کو ناکارہ بناتے ہوئے دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔بین الاقوامی خبررساں ادارے کے مطابق بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے ماہر اہلکار مصطفیٰ عابد قاہرہ کے نواح میں واقع شہر نصر کے قطبی چرچ میں چھپائے گئے بم کو ناکارہ بناتے ہوئے جاں بحق ہوگئے جب کہ دو اہلکار شدید زخمی ہیں۔زخمی پولیس اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ایک زخمی کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے جاں بحق افسر کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور اسپتال میں زخمی اہلکاروں کی عیادت بھی کی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بم کو ایک تھیلے میں بند کرکے چرچ کی چھت پر رکھا گیا تھا، بم کی موجودگی کی اطلاع پر خصوصی ٹیم کو طلب کیا گیا تھا۔ کسی شدت پسند جماعت نے بم نصب کرنے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔مصر کی آبادی کا 10 فیصد عیسائیوں کے ایک گروہ ’قطبی مسیحیوں‘ پر مشتمل ہے، یہ مصر میں مضبوط ترین اقلیتی گروہ ہے تاہم انہیں شدت پسندوں کی جانب سے حملوں کا سامنا رہا ہے۔ دو سال میں 200 سے زائد قطبی مسیحیوں کو قتل کیا گیا۔
