جڑانوالہ (تحصیل رپورٹر)بھارتی کبڈی ٹیم کے کھلاڑی سردار بھگت سنگھ سندھو کی تاریخی حویلی کا دورہ کرنے چک نمبر 105وانگے پہنچ گئے اورروایتی پنجابی ناشتہ کیا۔حویلی کے میزبان ثاقب ورک کی قیادت میں اہل علاقہ نے بھارتی کھلاڑیوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کی مٹی کی ہانڈیوں میں پکائے گئے ساگ،مکھن،دیسی گھی۔مکئی کی روٹی،تندوری پراٹھوں اور چاٹی کی لسی سے تواضع کی گئی بھارتی کبڈی ٹیم کے کپتان سردار پرتاپ سنگھ کا کہنا تھا کہ سردار بھگت سنگھ سندھو کی حویلی میں بیٹھ کر دیسی کھانا کھانے کا موقع ملا بے حد خوشی محسوس کررہے ہیں۔کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ پنجاب بھارت کا ہو یا پاکستان کا ہماری زبان ایک ہے ہمارا کھانا پینا ایک ہے آج سردار بھگت سنگھ سندھو کی حویلی میں بیٹھ کر لگ رہا ہے جیسے اپنے ہی گھر میں بیٹھ کر کھانا کھا رہے ہوں۔ جب سے پاکستان آئے ہیں محبتیں سمیٹ رہے ہیں وطن واپس جا کر بھی یہ محبت ہمیشہ یاد رہے گی۔
