لاہور (ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کے بچے اعلیٰ درس گاہوں میں تعلیم حاصل کرتے ہیں ، پاکستان اس لئے نہیں بنا تھا کہ اس کے ایک طرف امیر ہوں اور دوسری طرف غریب ۔ ایوان اقبال لاہور میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ پنجاب ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ سے ڈیڑھ لاکھ بچوں کو وظائف مل رہے ہیں ، دس ہزار بچے اور بچیاں ڈاکٹرز اور انجیئرزبھی بن چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 30 دسمبر تک دو لاکھ بچوں کو وظائف مل جائیں گے ، بچوں کو تعلیم سے محروم رکھنا قومی جرم ہے ۔ وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ وسائل نہ ہونے کا بہانہ بنا کر بچوں کو تنہا چھوڑنے سے بڑا جرم کوئی نہیں ہو سکتا ، مشکلات کے باوجود نئی نسل محنتی اور آگے بڑھنے کے لیے پر عزم ہے ۔