اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نے نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس دوران انہوں نے نو منتخب امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ،اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے نوازشریف سے کہا کہ میری طرف سے پاکستانیوں کوبتادیجیے کہ وہ بہت اچھے لوگ ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹیلیفونک رابطے کے دوران الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد پیش کی اور پاکستان کے دورے کی دعوت دی جس پر نومنتخب امریکی صدر نے نوازشریف کی دعوت کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان شاندار شہریوں کا ملک ہے آناپسند کروں گا۔اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ آپ جب چاہیں مجھے فون کر سکتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلیفونک رابطے میں نوازشریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایک اچھی ساخ کے مالک ہیں ،اور آپ بہت عمدہ کام کررہے ہیں جو ہر طرح سے عیاں ہے۔ٹرمپ نے کہا کہ میں آپ سے جلد ملاقات کا خواہاں ہوں ،مجھے آپ سے بات کر کے ایسے محسوس ہورہاہے جیسے میں آپ کو بہت پرانا جانتاہوں۔پاکستان انتہائی شاندار ملک ہے اور یہاں پر بہت سے مواقع موجود ہیں۔ٹرمپ کا کہناتھا کہ میری طرف سے آپ پاکستانیوں کو بتا دیجے گا کہ پاکستانی قوم بہت ذہین اور محنتی ہے،میں جن پاکستانیوں کو جانتا ہوں وہ بہت منفرد پاکستانی ہیں۔انہوں نے وزیراعظم نوازشریف کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ وہ تصفیہ طلب معاملات کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔