لاہور (ویب ڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما عابد حسین صدیقی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم چار متضاد بیانات دے کر پاناما لیکس کی دلدل میں پھنس چکے ہیں وزیر اعظم کو لاکھوں ڈالر کا دبئی، سعودی عرب، قطر اور لندن پہنچنے کا جواب دینا ہو گا۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن متعدد اراکین اسمبلی کو بیرو ن ملک کی جائیدادیں ظاہر نہ کرنے پر نا اہل کر چکا ہے وزیر اعظم نے گوشواروں میں اپنی اہلیہ کی بیرون ملک جائیداد کا ذکر نہیں کیا جس کی وجہ سے وہ صادق اور امین نہیں رہے اور آرٹیکل 62-63 کے زمرے میں آتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے پاناما پیپرزکے منظر عام پر آنے کے بعد قوم سے خطاب اور بعد ازاں پارلیمنٹ میں اپنی تقریر کے دوران یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ملک سے ہر قسم کے احتساب کے لئے خود کو پیش کر دیں گے۔ اخلاقیات کا یہی تقاضا ہے وزیر اعظم مستعفی ہو کر عدالتوں کا سامنا کریں اور اپنے خلاف لگے الزامات کا جواب دیں۔