کراچی(ویب ڈیسک) اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا جب کہ ڈالر کی قدر بڑھنے کے بعد سونے کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا۔میڈیا کے مطابق کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس34 ہزار کی نفسیاتی حد سے بھی گر گیا۔ مندی کے باعث 447 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ ہوئی اور 100 انڈیکس کمی کے بعد 33 ہزار 742 کی سطح پر بند ہوا۔دوسری جانب ڈالر کی قیمت بڑھنے اور روپے کی قدر گرنے کے بعد سونے کی قیمت کو بھی پر لگے ہوئے ہیں، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے اضافے کے ساتھ 157روپے 50 پیسے پر بند ہوا جب کہ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر40 پیسے کے اضافے سے 157روپے 32پیسے کی سطح پر پہنچ گئی، ڈالر کی قدر بڑھنے کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمت میں بالترتیب 650 روپے 558 روپے اضافہ ہوگیا۔عالمی بلین مارکیٹ میں بھی سونے کی فی اونس قیمت میں 5 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت بڑھ کر 1405 ڈالر کا ہوگیا، جب کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت اضافے کے بعد 78 ہزار 650 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت بڑھ کر 67 ہزار 430 روپے کی سطح پر آگیا۔