کراچی:(ویب ڈیسک)پاکستانی ہدایت کار کاشف سلیم کی نئی ٹیلی فلم میں ماہ نور بلوچ اور اعجاز اسلم ایک ساتھ رومانوی کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔اس ٹیلی فلم کا نام ‘اپنی اپنی لو اسٹوری ‘رکھا گیا ہے، جس کی کہانی فائزہ افتخار نے تحریر کی۔فلم میں ماہ نور اور اعجاز کے ہمراہ اظفر رحمٰن، ایاز سمو اور صدف کنول بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی۔ہدایت کار کے مطابق یہ ٹیلی فلم مامو اور اس کی بھانجی کی کہانی کے گرد گھومتی ہے، یہ کردار اعجاز اسلم اور صدف کنول نے نبھائے ہیں۔ڈان سے بات کرتے ہوئے اعجاز اسلم کا کہنا تھا کہ ‘صدف میری بھانجی کا کردار نبھارہی ہیں، میرا کردار یعنی اس کا مامو اپنی رومانوی زندگی کو اس کی خاطر قربان کردوں گا، کیوں کہ میں اس کا اکیلا سرپرست ہوں اور نہیں چاہتا کہ اس کی زندگی میں کوئی بھی مسائل آئیں، البتہ میرا کردار اس سے شادی کرنے والے کے سامنے شرط رکھے گا کہ جسے بھی اس سے شادی کرنی ہوگی وہ گھر داماد بنے گا اور ہمارے گھر کے اصول فالو کرے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ اظفر رحمٰن صدف کنول کے کردار کو پسند کرے گا، تاہم کہانی میں ٹوسٹ اس وقت آئے گا جب ماہ نور بلوچ کے کردار کی انٹری ہوگی جو ماضی میں ان کی محبت تھیں۔اداکار کے مطابق ٹیلی فلم کی کہانی کو نہایت خوبصورتی سے تحریر کیا گیا ہے۔انہوں نے فلم کی شوٹنگ کے دوران کے چند مزاحیہ لمحات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے۔کاشف سلیم کی یہ ٹیلی فلم رواں سال عیدالاضحیٰ پر نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
