کراچی(خصوصی رپورٹ) اسپیشل برانچ میں کام کرنے والا حساس ترین لوکیٹر آپریٹر فرقہ ورانہ وارداتوں میں ملوث دہشتگردوں کو چھاپوں کی پیشگی اطلاع دے کر سی ٹی ڈی اہلکاروں کے لیے سیکیورٹی رسک بنا رہا، لیکن اس کالی بھیڑ کو بالآخر دھر ہی لیا گیا، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف حساس معلومات دہشتگردوں کو دینے کی چارج شیٹ عدالت میں پیش کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی کراچی کے درجنوں افسران اور اہلکار دہشتگردی کا شکار ہونے سے بچ گئے ہیں۔ دہشت گردوں کی اطلاع پر چھاپے کے لئے جانے والی ٹیم کی پیشگی اطلاع ملزمان کو اسپیشل برانچ کے لوکیٹر آپریٹر سید عرفان نے دی تھی۔ سپیشل برانچ کے اہلکار سید عرفان سے متعلق سنسنی خیز انکشافات ہوئے ہیں، سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سید عرفان فرقہ وارانہ وارداتوں میں ملوث ملزمان کو معلومات فراہم کرتا تھا، یہ معلومات لاہور سے حاصل کی گئی سم اور موبائل فون کے ذریعے فراہم کی جاتی تھیں۔ جن ملزمان کو معلومات فراہم کی جا رہی تھیں، وہ پہلے ہی انٹیلی جنس ادارو کے ریڈار پر تھے، معلومات دینے کے بعد موبائل فون اور سم توڑ کر نالے میں پھینک دی تھی، حکام کے مطابق ملزم کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کے بعد عدالت میں اس کے خلاف قلندرہ جمع کرادیا، قلندرہ ایک قسم کی چارج شیٹ ہے جو بعض مقدمات میں پیش کی جاتی ہے۔ یہ سرکاری ملازمین کے خلاف بھی عدالت میں پیش کی جاتی ہے، سی ٹی ڈی حکام کے مطابق سید عرفان پر حساس سرکاری معلومات دہشت گردوں کو دینے کا الزام ہے اور اسے برطرف بھی کر دیا جائے گا۔
