لندن (آئی این پی)ہسپانوی فٹبال کلب ریئل میڈرڈ کے پرتگالی کھلاڑی کرسچیانو رونالڈو نے بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت لیا ہے۔انھوں نے اپنے روایتی حریف ارجنٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی کو ہرا کر چوتھی مرتبہ یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔لیونل میسی سال کے بہترین فٹبالر کو اعزاز پانچ مرتبہ جیت چکے ہیں اور گذشتہ سال بھی یہ اعزاز ان کے نام رہا تھا۔ہسپانوی کلب ایٹلیٹیکو میڈرڈ کی نمائندگی کرنے والے فرانسیسی فارورڈ انتوئن گریزمن نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔31 سالہ رونالڈو نے چیمپیئنز لیگ کے گذشتہ سیزن میں اپنے کلب کو کامیابی دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ یورو 2016 میں پرتگال کی فتح حاصل کی تھی جس کی جانب سے تین گول کیے تھے۔کرسچیانو رونالڈ اب سنہ 2008، 2013، 2014 اور 2016 میں بیلن ڈی اور ایوارڈ جیت چکے ہیں۔خیال رہے کہ سنہ 2009 میں اس ایوارڈ کے متعارف کروائے جانے کے بعد سے رونالڈو اور میسی کے علاوہ کوئی تیسرا کھلاڑی یہ اعزاز جیتنے میں ناکام رہا ہے۔ کرسچیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ ‘میرے ذہن میں کبھی یہ خیال نہیں آیا کہ میں گولڈن بال چار بار جیت سکوں گا۔ میں خوش ہوں۔ مجھے فخر اور خوشی محسوس کر رہا ہوں۔’بیلن ڈی اور ایوارڈ کے لیے دنیا بھر میں 173 صحافیوں نے ووٹنگ کی تھی۔خیال رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹبال کی جانب سے سنہ 1956 سے ہر سال دیا جارہا ہے تاہم گذشتہ چھ برسوں سے اس کا فیفا کے ساتھ اشتراک تھا۔تاہم اس سال ستمبر میں فیفا نے یہ اشتراک ختم کر دیا ہے۔فیفا کی جانب سے سال کی بہترین مرد کھلاڑی، خاتون کھلاڑی اور بہترین ٹیم کا ایوارڈ دیا جائے گا۔فیفا کے زیراہتمام بیسٹ فیفا فٹبال ایوارڈز کی تقریب زیورخ میں نو جنوری کو منعقد ہوگی۔