تازہ تر ین

امریکی وزیر خارجہ کا فون ،مشرق وسطی بارے مشاورت امن ضروری ،فریقین مذاکرات کا راستہ اختیار ،کشیدگی ختم کریں،آرمی چیف

راولپنڈی، اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ٹیلی فونک رابطہ یا جس میں علاقائی صورت حال بالخصوص مشرق وسطی میں کشیدگی پر بات چیت کی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے رابطہ کیا، آرمی چیف نے کہا کہ کشیدگی ختم کرنے کے لیے بامقصد رابطے کیے جانے چاہئیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہر ممکن طور پر تحمل کا مظاہرہ کیا جانا چاہئے، خطے میں امن و استحکام کے لیے سب تعمیری کردار ادا کریں۔پاک فوج کے سپہ سالار کا کہنا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی پر بھی توجہ دی جانی چاہئے۔دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ ایران خطے میں صورت حال کو کشیدہ کررہا ہے، خطے میں امریکی مفادات کا تحفظ کررہے ہیں، امریکی مفادات، اہلکاروں، تنصیبات اور شراکت داروں کا تحفظ کریں گے۔واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے قاسم سلیمانی کے قتل کے بعد دنیا بھر میں رابطے شروع کردئیے ہیں، مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی سے امریکی صدر کے اقدام سے متعلق گفتگو کی۔مائیک پومپیو نے فرنچ اور برطانوی ہم منصب کو بھی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اپنے لوگوں اور مفاد کا تحفظ کرے گا، ایران کے اقدامات خطے میں عدم استحکام کا باعث ہیں۔اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر فریقین مذاکرات کا راستہ اختیار کریں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں جب کہ آرمی چیف نے افغان امن عمل کی کامیابی کے لیے کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔ پاکستان نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال خطے کے امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہے، خودمختاری کا احترام اور علاقائی سالمیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصول ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر شدیدتشویش پائی جاتی ہے، خودمختاری کااحترام اور سالمیت اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصول ہیں اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان اصولوں کی پاسداری کرنی چاہئے اور یکطرفہ اقدامات اورطاقت کے استعمال سے گریز کیاجائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں تناﺅ کو کم کرنے کے لئے مثبت رابطوں کی ضرورت ہے اور تمام مسائل کو یو این چارٹر اور عالمی قوانین کے مطابق سفارتی ذرائع سے حل کیاجانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام فریقین کو موجودہ صورتحال پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہئے کیونکہ یہ خطہ مزید کسی خطرناک صورتحال کا متحمل نہیں ہو سکتا کیونکہ پہلے ہی اس خطے کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔


اہم خبریں





   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain