لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے ملتان کی لیبر کالونی میں 3 ہزار مریضوں کیلئے آئسولیشن سنٹر قائم کردیا، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ماسک، حفاظتی کٹ اور سینی ٹائزرمقامی سطح پر تیارکریں گے، بس ا سٹینڈز پر مسافروں کی طبی چیکنگ کی جائے،اضلاع کی سطح پر ہیلپ لائن قائم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق کوروناوائرس کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے وزیرخزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مقامی سطح پر اقدامات کرسکیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس میں ماسک، حفاظتی کٹس اور سینی ٹائزرکی مقامی سطح پر تیاری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے پنجاب کوایک ہفتے میں 10ہزار حفاظتی ملبوسات فراہم کرے گی۔ایک ہزار حفاظتی کٹس پہنچ گئی، 5 ہزار مزید کٹس جلد پہنچا دی جائیں گی- انہوں نے کہا کہ ہسپتالو ں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس اور ماسک وغیرہ بھی فراہم کئے جا رہے ہیں۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے دستیاب وسائل کو منطقی انداز میں استعمال کیا جائے۔ فیس ماسک کی صحت مند آدمی کو ضرورت نہیں ،طبی عملے کو فیس ماسک اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماسک وغیرہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ راولپنڈی اورلاہور میں کارروائیوں کے دوران 90 ہزار ماسک برآمد کئے گئے ہیں۔اجلاس میں بتایاگیاکہ ملتان کی لیبر کالونی میں 3ہزار سے زائد مریضوں کے لئے قرنطینہ قائم ہوگا۔تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کے کمروں کو آئسولیشن کے لئے استعمال کیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بس سٹینڈز پر دیگر صوبوں سے آنے والے مسافروں کی طبی چیکنگ کی جائے۔ مرکزی اور ضلعی سطح پرکورونا وائرس کے بارے میں آگاہی کے لئے ہیلپ لائن قائم کی جائے۔کورونا وائرس سے بچاو¿ کیلئے حکومتی اقدامات پر بریفنگ دی گئی اور شرکاءنے سفارشات پیش کیں۔صوبائی وزراءڈاکٹر یاسمین راشد، ہاشم جواں بخت، محمد اختر ملک، رکن صوبائی اسمبلی مسرت جمشید چیمہ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، متعلقہ محکموں کے سیکرٹری، کمشنر لاہور ڈویڑن، ڈی جی پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن اور سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کمشنر آفس ملتان سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
