لاہور(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے ریٹائرڈ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈاکٹروں کی منظوری دے دی، ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھیں گے، ڈیلی ویجزملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، مریضوں کی دیکھ بھال کرنیوالے ڈاکٹرز ہمارے ہیرو ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ عوام کی زندگیوں کومحفوظ بنانے کیلئے مزید ضروری اقدامات اٹھانے پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ صحت اور پی ڈی ایم اے کیلئے تقریباً 8 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کردیا ہے۔ اجلاس میں ایران میں موجود زائرین کو ایئرلفٹ کرنے کی تجویز پرغور کیا گیا۔ 1250 زائرین ملتان کے لیبرکمپلیکس میں قائم قرنطینہ مرکز میں پہنچ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دیگر بڑے شہروں میں ہوٹلوں میں قرنطینہ سینٹر بنانے کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے۔ لاہورمیں 8 ہوٹلوں میں 880 بیڈز کی نشاند ہی کرلی گئی ہے۔ گجرات، فیصل آباد اور ٹیکسلا میں بھی قرنطینہ مرکز قائم کیے جا رہے ہیں۔ ایکسپو سینٹرمیں 900 بستروں پر مشتمل خصوصی فیلڈ ہسپتال کے قیام کی منظوری دی ہے۔ پنجاب میں اب تک96 مریضوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ چیف منسٹر ایمرجنسی فنڈ میں مخیر حضرات دل کھول کر عطیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجوں میں ٹیلی میڈیسن کا پروگرام شروع کردیا گیا ہے۔ اسی طرح وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیلی ویجز ملازمین کے معاشی مسائل حل کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی جاری رکھی جائے گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مشکل حالات میں ڈیلی ویجزملازمین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بلوچستان حکومت کی ہرممکن مدد کریں گے۔ بلوچستان حکومت سے تعاون کا جائزہ لینے کے حوالے سے وزارتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
