تازہ تر ین

کرونا سے مزید 8جاں بحق،تبلیغی جماعت کے قیام پر مسجد قرنطینہ قرار، ملک بھر میں مریض 7481 ہوگئے

لاہور‘ اسلام آباد‘ کراچی‘ پشاور‘ کوئٹہ‘ سرگودھا‘ شیخوپورہ‘ مانسہرہ (نمائندگان خبریں) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی کرونا وائرس سے متعلق تازہ ترین اپ ڈیٹ جاری کردی گئی جس کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 465 کیسز سامنے آگئے جس کے بعد تعداد 7481 ہوگئی ،چوبیس گھنٹوں میں مزید آٹھ مریض جاں بحق ہوئے ،اموات 143 تک جا پہنچیں ۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7،481تک پہنچ گئی،پاکستان میں ایکٹو کیسز کی تعداد 5506 تک پہنچ گئی ،گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 465نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد سب سے زیادہ 3391 تک پہنچ گئی، سندھ میں 2217کرونا وائرس کیسز رپورٹ ہوئے، خیبر پختونخواہ میں کیسز کی تعداد 1077اور اسلام آباد میں 163ہوگئی، بلوچستان میں 335 گلگت بلتستان میں 250کیسز رپورٹ ہوئے، آزاد کشمیر میں کرونا وائرس کیسز کی تعداد 48ہوگئی، مجموعی طور پر 38 فیصد کیسز دیگر ممالک سے آئے 62 فیصد مقامی طور پر پھیلے، کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 143تک پہنچ گئی، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 8 نئی اموات سامنے آئیں، سندھ میں 47، پنجاب میں 37، کے پی کے میں 50مریض زندگی کی بازی ہار گئے، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں 5مریض کرونا وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے، کمانڈ سینٹر کے مطابق اب تک 92ہزار 584افراد کے کرونا وائرس کے لیے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 6416افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، کرونا وائرس سے ابتک1832 افراد صحتیاب ہو چکے ہیں۔ چوہنگ کے علاقہ پنجاب ہاﺅسنگ سوسائٹی میں کرونا کے ایک مریض کوایکسپو سینٹر منتقل کر دیا گیا۔45سالہ سلیم نامی شخص کو گزشتہ 5روز سے بخار تھاخود ٹیسٹ کروانے اوررپورٹ آنے پر کالز کر کے حکومت کو مطلع کیا۔ سرگودھا خوشاب روڈ پر موضع دھریمہ کے قریب چک 58 شمالی میں تبلیغی جماعت کے قیام پر مسجد کو قرنطینہ قرار دیتے ہوئے 13 اراکین میں سے چھ کو آئسولیشن سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق تبلیغی جماعت کے 13 ارکان تشکیل پا کر سرگودھا کے چک 58 شمالی کی مسجد غوثیہ مہریہ میں قیام پذیر ہوئے جن کے ٹیسٹ لئے گے اور رزلٹ آنے پر مسجد ہذا کو قرنطینہ قرار دیتے ہوئے تبلیغی جماعت کے چھ اراکین کو آئسولیشن سنٹر منتقل کر دیا گیا جبکہ قرنطینہ کے پابند دیگر اراکین کے ٹیسٹ دوبارہ لیکر تجزیہ کے لئے بجھوا دیئے گے ہیں۔ کرونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آجانے پر تبلیغی جماعت کے شیخوپورہ میں پھنسے ہوئے 45 مبلغین اور علماءکرام کو ان کے گھروں میں جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ان میں سے 31 علماءکرام اور مبلغین کا تعلق ملک کے مختلف اضلاع سے ہے جبکہ 14 علماءکرام اور مبلغین کا تعلق ضلع شیخوپورہ سے ہے۔ کنگ عبداﷲ ہسپتال مانسہرہ کا معالج بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گیا، ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر اسے قرنطینہ سنٹر منتقل کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کا علاج کرنے والے معالج کنگ عبداﷲ ہسپتال مانسہرہ کے ڈاکٹر شاہد بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، ان کی ٹیسٹ رپورٹ مثبت آ گئی ہے جس کے بعد انہیں علاج کیلئے قرنطینہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان کی وزارت صحت نے نوول کروناوائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 7 ہزار 481 اور اموات کی تعداد143 ہونے کے بعد نوول کروناوائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد میں باقاعدگی سے جاری اضافے پر تشویش کا اظہار کیا ہے،اس بات کو مقامی میڈیانے رپورٹ کیا ہے۔ بھارت سے 2 روز قبل واپس آنے والے 41 پاکستانیوں میں سے 2 خواتین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد انہیں ایکسپو سینٹر قرنطینہ منتقل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے واہگہ بارڈرکے راستے واپس پاکستان آنے والے 41 شہریوں میں ساندہ روڈ لاہور کی رہائشی دو خواتین 57 سالہ حمیداں بانو اوران کی بیٹی 32سالہ مائدہ رحمان بھی شامل ہیں جن کےکرونا ٹیسٹ پازیٹو آگئے ہیں۔ بھارت میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لیے خصوصی طورپر واہگہ اٹاری بارڈر کھولا گیا تھا۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس کے مزید 168 تصدیق شدہ مریض صحت یاب ہو گئے ہیں جن کے بعد پنجاب میں صحت یاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 850 تک پہنچ گئی ہے جبکہ دوسری طرف لاہور سمیت پنجاب بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ بدستور جاری ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس وقت پنجاب بھر میں کرونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد بڑھ کر 410 تک پہنچ گئی ہے جبکہ صوبے میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 37 ہو چکی ہے، اسی طرح لاہور میں ایسے مریضوں کی تعداد 548 جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 17تک پہنچ گئی ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain