لاہور(لیڈی رپورٹر) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بھارت میں گاندھی کی تعلیمات کی جگہ ہٹلر کے فاشسٹ نظریات نے لے لی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ انتہا پسند مودی نے بھارتی مسلمانوں پر ظلم کی انتہا کردی ہے،مودی کے انڈیا میں سبزیاں اور پھل بیچنے والوں سے مذہب پوچھ کر خریداری کی جا رہی ہے۔فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کو مودی سرکار نے ایک انتہا پسند ہندو ملک بنا ڈالا ہے،کرونا بحران کے اس وقت میں بھی بھارت میں ہندوتوا سے مسلمانوں کا استحصال کیا جا رہا ہے۔صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ مودی سرکار کے مسلمانوں پر ظلم سے بھارت انتہا پسندی کی آگ میں جل کر راکھ ہو جائے گا کیونکہ بھارت میں گاندھی کی تعلیمات کی جگہ ہٹلر کے فاشسٹ نظریات نے لے لی ہے۔
