میلبورن(نیوزایجنسیاں)پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کیخلاف دوسرا ٹیسٹ کھیلنے میلبورن پہنچ گئی ۔پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین 3ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ26دسمبر سے میلبورن میں شروع ہوگا، میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق4بج کر30منٹ پر شروع ہوگا۔میلوبرن میں ابھی تک دونوں ٹیموں کے مابین9ٹیسٹ میچ کھیلے گئے جن میں آسٹریلیا نے5،پاکستان نے2اور2ٹیسٹ میچ ڈرا ہوئے۔دوسرے ٹیسٹ سے قبل دونوں جانب سے کپتانوں نے ٹیم میں تبدیلی کا اشارہ دےدیا۔قومی ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ برسبین ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے اعتماد ملا ہے ، ٹیم ناممکن کو ممکن بناسکتی ہے۔پاکستان کرکٹ ٹیم بلند حوصلوں کے ساتھ برسبین سے میلبورن پہنچ گئی ہے۔ کھلاڑی یہاں بھی جیت کےلیے پر عزم ہیں،کپتان مصباح الحق کہتے ہیں کہ برسبین میں بہترین کھیلے جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔کپتان کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم ناممکن کو ممکن بنا سکتی ہے اور میلبورن کی کنڈیشنز گرین کیپس کو سوٹ کرتی ہیں ، ٹیم اچھے ٹریک پر ہے،کمبی نیشن کو تبدیل کرنے کا نہیں سوچا۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی ٹیم کسی وقت بھی کم بیک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے مجھے اسد شفیق سمیت اپنی پوری ٹیم پر فخر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ٹیم کی پرفارمنس سے خوش ہوں، مصباح الحق نے مزید کہا کہ محمد عامر،وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے اچھی بیٹنگ کی،میں کہہ سکتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کبھی بھی سب کو حیران کرسکتی ہے۔واضح رہے کہ آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد برسبین ٹیسٹ میں 39 رنز سے فتح حاصل کر کے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ اس میچ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بلے بازوں بالخصوص اسد شفیق، محمد عامر، وہاب ریاض اور یاسر شاہ کی پرفارمنس اتنی زبردست رہی کہ 490 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے 450 رنز بنا لئے تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں تاریخی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ دنیا بھر میں کرکٹ ماہرین اور شائقین نے اسے رواں سال کا سب سے زبردست ٹیسٹ میچ قرار دیا۔