لاہور (خبرنگار) صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات و ثقافت مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ صحافیوں کے مسائل کو اُن کی مشاورت سے حل کریں گے، وزارت میں رہتے ہوئے سینئر صحافیوں کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان سے سیکھنے کا موقع ملے گا، ہم انفارمیشن اور کلچر کے شعبہ میں نئے قوانین اور طریقہ کار متعارف کروا رہے ہیں تاکہ اس میں بہتری لائی جاسکے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پی این ای کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ میں کیا، اُن کا کہنا تھا کہ ہم نوجوان صحافیوں کے مسائل کے حل میں آپ کی مدد بھی کریں گے اور آپ سے مشاورت بھی لیتے رہیں گے۔ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس وزارت میں رہتے ہوئے سینئرصحافیوں کے ساتھ کام کرنے کے مواقع میسر آئیں گے۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر و چیف ایڈیٹرخبریں ضیاشاہد، مجیب الرحمان شامی، عارف نظامی، جمیل اطہر قاضی، عرفان اطہر قاضی، ایاز خان، نوید چوہدری، شاہین قریشی، ممتاز شاہین، رحمت علی رازی، یاور خلیل، تنویر شوکت، سردار عابد، زبیر محمود، صفدر علی، سید فرزند علی، بشیر احمد خان، جاوید سلیم اور دیگر نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات ونشریات و ثقافت مجتبیٰ شجاع الرحمان نے سینئر صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ سب کا مشکور ہوں کہ آپ میری دعوت پر تشریف لائے، سی پی این ای کے صدر ضیاشاہد نے تمام کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے ممبران کو عشائیہ پر مدعو کرنے پر مجتبیٰ شجاع الرحمان کا شکریہ ادا کیا۔