میرپور خاص(آئی این پی)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ ماضی میں عدلیہ پر پی سی او کی شکل میںشب خون مارا گیا ، اس کے عدلیہ کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔ وہ منگل کو میر پور خاص میں بار ایسوسی ایشن سے الوداعی خطاب کر رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں عدلیہ پر پی سی او کی شکل میں شب خون مارا گیا ، پی سی او کے عدلیہ کی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنا چاہیے ، زیر التواءمقدمات کی بڑی تعداد بے حسی ، اقربا پروری اور اداروں کی نااہلی کی وجہ سے ہے ،لوگ مالی مفادات کے لئے سوشل میڈیا پر عدالتی نظام کے خلاف سازش کرتے نظر آتے ہیں ۔چیف جسٹس نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں ٹی وی چینلز پر بے معنی مباحثے ہو رہے ہیں ،امید ہے زرد صحافت میں ملوث لوگ اپنے رویے پر نظر ثانی کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئیے عہد کریں اس ملک کو جنت نظیر بنانے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا کہ وکالت پیسہ کمانے کے لئے نہیں بلکہ انسانی دوست پیشہ ہے۔