حکومت نے وزیر اعظم عمران خان کی انسداد منشیات مہم کا دائرہ کار ملک بھر میں پھیلانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے بڑے انسداد منشیات سے متعلق فیصلوں سے قبل وسیع تر مشاورت کا فیصلہ کیا ہے۔ فیصلہ سازی میں صوبائی حکومتوں اور آذادکشمیر وگلگت بلتستان کو شامل کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت کی مشاورت سے انسداد منشیات مہم کی ترجیحات طے ہوں گی۔ وفاقی حکومت نے انسداد منشیات سے متعلق قومی کانفرنس 24 ستمبر کو طلب کرلی ہے۔
وزیر انسداد منشیات اعظم سواتی نے قومی کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
انسداد منشیات کانفرنس صدر مملکت عارف علوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوگی ۔صدر مملکت منشیات کے استعمال کے نقصانات،اور حکومتی اقدامات پر بات کریں گے۔
پنجاب،سندھ. بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے گورنر زقومی کانفرنس میں مدعو کیے گئے ہیں۔ وزیراعظم آزادکشمیر اور گورنر گلگت بلتستان بھی قومی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔
کانفرنس میں اسمگلرز کے گرد گھیرا تنگ کرنے،ملک سے منشیات کے خاتمہ پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ملک بھر کی جامعات کو منشیات سے پاک بنانے کا میکانزم بھی طے کیا جائے گا۔
انسداد منشیات کے لیے سیکیورٹی اداروں میں ہم آہنگی، مشترکہ آپریشن اور عملے کی تربیت پر بھی بات ہوگی۔