وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ منصوبوں کی تکمیل سے معیشت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت انڈسٹریل روڈ میپ کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیر اعلیٰ نے شعبہ صنعت میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ صوبے میں سات انڈسٹریل فسیلیٹیش سنٹرز فعال ہے جبکہ ازمک کے تمام زونز دفاتر فسیلیٹیش سنٹرز میں تبدیل کر دئے گئے ہیں اور جلوزئی اکنامک زون کے تحت تمام صنعتی پلاٹس ایک ماہ کے اندر فروخت کیے گئے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نوشہرہ،ڈی آ ئی خان اور چترال اکنامک زونز بھی کمرشل اجراء کے لیے تیار ہیں جبکہ غازی اکنامک زون دسمبر 2020 تک کمرشل اجراء کے لیے دستیاب ہو گا۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ3125 ایکڑ رقبے پر مشتمل درابن اکنامک زون کے لیے انٹر نیشنل ٹینڈر کا عمل شروع ہے جبکہ سی پیک روٹ سے دو کلومیٹر کے فاصلے پر واقع درابن اکنامک زون تقریباً 400 صنعتی یونٹس پر مشتمل ہو گا۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے اجلاس میں درابن اکنامک زون کو سی پیک کے لیے تجویز کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے کہا کہ صنعتکاروں کو کاروبار دوست ماحول اور ون ونڈو آ پریشن کے تحت سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوامحمود خان نے مزید کہا کہ صوبہ صنعت وتجارت کا حب بننے کی پوری استعداد رکھتا ہے جبکہ منصوبوں کی تکمیل سے معیشت اور روزگار کو فروغ ملے گا۔